مظفر پور:10 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)بہار کے مظفر پور کی ایک عدالت میں بی جے پی کے انتخابی منشور میں دفعہ 370 اور 35 اے کو ختم کرنے کے وعدے کے خلاف تبصرہ کرنے پر جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی کے خلاف ایک شکایت دائر کی گئی ہے ۔ مظفر پور کے مرکزی عدالتی مجسٹریٹ کی عدالت میں ایڈووکیٹ راجیش چندر شرما نے منگل کو نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سربراہ محبوبہ مفتی کے خلاف مذکورہ شکایت درج کی ہے ۔ شرما نے ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 124 اے اور 34 کے تحت مقدمہ چلائے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔درخواست گزار نے الزام لگایا ہے کہ فاروق اور محبوبہ کے 09 اپریل کے بیانات سے انہیں ’ٹھیس ‘ پہنچی ہے ۔ فاروق نے کہا تھا کہ 370 ختم کرکے دکھائیں ہم بھی دیکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اللہ کو یہی منظور ہوگا کہ ہم ان سے آزاد ہی ہو جائیں گے۔ محبوبہ مفتی نے بی جے پی کے انتخابی منشور میں دفعہ 370 کو لے کر کئے گئے وعدے پر کہا تھا کہ آرٹیکل 370 ہٹا دیا گیا تو پھرکشمیر بھارت سے آزاد ہو جائے گا۔